• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان فیملی کے ہمراہ عمرے کیلئے مکہ اور مدینہ گئے تھے؟

اسلام آباد(جائزہ رپورٹ فاروق اقدس ) کیا نئے سال کے آغاز پر شاہ رخ خان اپنی فیملی کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کیلئے مکہ اور مدینہ گئے تھے؟ ’’AI‘‘ کے ذریعے تصاویر میں شاہ رخ خان کو آریان خان کے ساتھ سعودی عرب کے روایتی لباس اور گوری خان کو بھی دکھایا گیا ہے جس میں انہوں نے اپنا سر ڈھانپ رکھا ہے، 2025میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے ڈیپ فیک کا شکار ہونے والے پہلے اداکار شاہ رخ خان بن گئے ہیں، پرستاروں کو یہ جان کر تعجب ہوگا کہ شاہ رخ خان اور ان کے خاندان کی یہ تصاویر ’’آرٹیفیشل انٹیلیجنس‘‘ کی مدد سے تیار کی گئی ہیں، دبئی میں کنگ خان کی مقبولیت اور پسندیدگی کی سطح ’’برج خلیفہ‘‘ کی طرح بلند ہے۔ گزرے سال 2024میں مصنوعی ذہانت ہماری زندگیوں میں عام ہوچکی ہے اور اب نئے سال میں اپنی محیرالعقول حشر سامانیوں کے ساتھ مختلف انداز اور اطوار سے اثر انداز ہو رہی ہے۔ چند دہائیوں قبل اسے محض سائنس فکشن کی حیثیت حاصل تھی لیکن آج ’’AI‘‘کا مخفف پانے کے بعد اب یہ سائنسی عمل ذہین لوگوں کے ساتھ ساتھ محدود سطح پر سہی لیکن غیر ذمہ دار اور عامیانہ سوچ رکھنے والے افراد کی دسترس میں بھی آچکا ہے جو اس کا غیر ذمہ دارانہ استعمال آزادی سے کرکے منفی اور مثبت ملے جلے مقاصد حاصل کررہے ہیں اور اس ضمن میں نہ تو تہذیب کا کوئی دائرہ کار متعین ہے اور نہ ہی کردار کشی کی زد میں آنے سے کوئی شعبہ بلخصوص پاکستان میں معتبر اور محترم شخصیات جن میں سیاستدان سرفہرست ہیں ’’آرٹیفیشل انٹیلیجنس‘‘ کے ذریعے ان کی کردار کو مسخ کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے نئے سال کے آغاز پر شوبز میں ’’AI‘‘ کا پہلا نشانہ معروف بھارتی اداکار شاہ رخ خان بنے ہیں اس ضمن میں موصولہ تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان جنہیں بالی ووڈ میں ’’کنگ خان‘‘ سمیت کئی ناموں سے یاد کیا جاتا ہے کی مکہ مکرمہ میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ تصاویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ کنگ خان کے پرستار ان تصاویر کو بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا میں شیئر بھی کر رہے ہیں۔ ان تصاویر میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شاہ رخ خان نئے سال کے موقع پر سعودی عرب کے شہر مکہ اور مدینہ گئے تھے جہاں انہوں نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کی۔ اپنے اس دعوے کے ثبوت کے طور پر کئی تصاویر میں شاہ رخ خان کو اپنے بیٹے آریان خان کے ساتھ سعودی عرب کے روایتی لباس میں دکھایا گیا ہے وہیں ایک تصویر میں شاہ رخ خان اور گوری خان کو بھی دکھایا گیا ہے۔ جس میں گوری خان نے اپنا سر ڈھانپ رکھا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان تصاویر کو دیکھ کر شاہ رخ خان کے مداح حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں۔ وہ سوچ رہے ہیں، کیا واقعی بادشاہ خان عمرہ کرنے گئے تھے؟ چونکہ یہ تصاویر پاکستان کے سوشل میڈیا میں بھی وائرل ہو رہی ہیں اس لئے یہاں بھی ان تصاویر اور خبروں کو حیرت اور استعجاب کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے کیونکہ ان تصاویر کے پس منظر میں مسجد نبوی کے مینار اور خانہ کعبہ بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید