کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ضلع وسطی کے جن ٹاؤنز نے روڈ کٹنگ کی اجازت دی یا سڑکیں کاٹیں ہیں ان کے خلاف اینٹی کرپشن سے رجوع کیا جائے گا، کروڑوں روپے لاگت سے بنائی گئی سڑکوں کو کھود دیا جاتا ہے، لوگوں کے گھروں میں گیس نہیں آرہی پھر بھی گیس کی لائنیں ڈالنے کے لئے سڑکیں کاٹی جا رہی ہیں جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا، ہفتے کو ملیر ایکسپریس وے کے پہلے فیز کا باقاعدہ افتتاح ہوگا، جو لوگ اس پر سفر کریں گے انہیں پتہ چل جائے گا کہ کون شہر میں کام کرتا ہے اور کون صرف باتیں کرتا ہے، باغ جناح فریئر ہال میں سالانہ فلاور شو میں ایک لاکھ سے زائد میری گولڈ اور پوٹونیا کے پھول نمائش میں رکھے گئے ہیں، کراچی کو پھولوں کے لئے نہیں جانا جاتا لیکن ہم کوشش کر رہے ہیں کہ یہ پھولوں کا شہر بھی بنے، یہ بات انہوں نے باغ جناح فریئر ہال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی محکمہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر کے زیر اہتمام پانچویں سالانہ فلاور شو کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، ڈائریکٹر جنرل پارکس اخلاق خان یوسف زئی اور دیگر افسران و منتخب نمائندے بھی موجود تھے، میئر نے کہا کہ آج یہاں پھولوں کی نمائش کے موقع پر سٹی کونسل کے اراکین میرے ساتھ موجود ہیں جن کا ہر زبان، رنگ و نسل اور کراچی کے ہر ضلع سے تعلق ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم تفریق اور تعصب کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔