کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نائب امیر کراچی انجینئر سلیم اظہر، ٹاؤن چیئرمین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری کے ہمراہ نارتھ ناظم آباد بلاک اے، بی، ای، ایف،ایل، ایم، این،آئی اور جی کا دورہ کیا اور ٹاؤن کے تحت ہونے والے تعمیر و ترقی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا،اس موقع پر منعم ظفر خان نے کہاکہ نارتھ ناظم آباد میں تیز رفتاری سے جاری ترقیاتی کام خوش آئند ہیں اور ٹاؤ ن چیئر مین سمیت پوری ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے، سندھ حکومت کی جانب سے ٹاؤنز کو ترقیاتی فنڈز نہ دینے اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہ کرنے کے باوجود جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوامی خدمت کے کاموں میں مصروف ہیں،ہمارا عزم ہے کہ جماعت اسلامی اپنے 9ٹاؤنز میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی،منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے زیر انتظام ٹاؤنز میں محدود وسائل کے باوجود تعمیر و ترقی کا کام جاری ہے۔