اسلام آباد (پی پی آئی) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تھر پارکر،سکھر، سانگھڑ،لسبیلہ، خضدار اور قلات میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ رات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم شام یا رات کے اوقات میں گھوٹکی، سکھر، خیر پور، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، عمرکوٹ، تھرپارکر اور گرد و نواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔