• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی تصاویر اور ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر پھیلانے والے 3ملزم گرفتار

راولپنڈی،کراچی (وسیم اختر،اسد ابن حسن) ایف آئی اے نے متحدہ عرب امارت کےصدر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ذریعے جعلی تصاویر اور ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر پھیلانے والے 3ملزموں کو گرفتار کر لیا،ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے ابتدائی طور پر 20ایسے اکاؤنٹس کی نشاندہی کر لی گئی ہے، جن کے ذریعے یہ تصاویر اور ویڈیوز پھیلائی گئیں،ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے مقدمات کا اندراج کرکے گرفتاریاں شروع کر دیں، تحقیقات کا دائرہ کار بھی وسیع کر دیاگیا ہے، ایف ائی اے ہیڈ کوارٹر کے حکم کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر چودھری سرفراز کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی جس میں ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور لاہور شامل ہیں، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سائبر پٹرولنگ سے اے آئی ویڈیوز اور تصاویر اپ لوڈ کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کے بعد مقدمات کا اندراج کیا۔حکام کے مطابق ایف آئی اے نے تحقیقات ’سورس رپورٹ‘ کے بعد شروع کیں، جن ملزمان کو گرفتار کیا گیا انہی کے اکاؤنٹس سے فیک تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر کے منفی تاثر پھیلایا گیا۔مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کام جاری ہے۔کراچی سے اسد بن حسن کے مطابق گزشتہ چند یوم قبل پنجاب حکومت کی وزیر اعلیٰ اور غیر ملکی نہایت اعلیٰ شخصیت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر AI (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کے ذریعے تیار کردہ تصاویر اور دو ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری کرنے کا معاملہ انتہائی سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم لاہور چوہدری سرفراز احمد کی سربراہی میں ایک اعلی سطح کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس میں ملتان، گجرانوالہ اور فیصل آباد سائبر کرائم سرکلز کے سربراہان عبدالغفار اور آصف اقبال بھی شامل ہیں۔ مذکورہ سرکلز دو یوم سے پورے پنجاب کے مختلف شہروں میں تابڑ توڑ چھاپہ مار کاروائیوں میں مصروف ہیں اور اب تک دو اہم ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ پہلی کاروائی میں بلال حسین لاہور سے گرفتار ہوا اور اس کے خلاف مقدمہ نمبر 6/25 درج کیا گیا۔ فیصل آباد سے شہزاد منور کو گرفتار کر کے مقدمہ نمبر 7/25 درج کیا گیا۔ مذکورہ ٹیم کے سربراہ چوہددری سرفراز احمد نے بتایا کہ اس سنگین اور شرمناک معاملے پر جس میں پاکستان کی بڑی بدنامی ہوئی اس پر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید درجنوں مقدمات درج کرنے کی کاروائیاں جاری ہیں اور پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کے خلاف بھی مقدمہ درج ہوگا۔ ملتان سائبر کرائم سرکل کے سربراہ عبدالغفار کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے چار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو دن رات کام کر رہی ہیں اور تعطیل والے دن بھی مصروف ہیں۔ فیصل آباد کے سربراہ آصف اقبال کا کہنا تھا کہ ان کے سرکل میں بھی تین ٹیمیں اس معاملے پر تحقیقات کر رہی ہیں۔
اسلام آباد سے مزید