• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دریائے سندھ اور سندھ کی زمینوں کو بچانے کے لیے احتجاجی مظاہرہ

عمرکوٹ ( نامہ نگار ) سندھ کی قوم پرست جماعتوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے زیر اہتمام دریائے سندھ اور سندھ کی زمینوں کو بچانے کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، بیداری مارچ عمرکوٹ پریس کلب کے سامنے منعقد ہوا، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی قیادت اور قوم پرست رہنماؤں پیر صدرالدین شاہ راشدی، سید زین شاہ، صفدر عباسی، لال مالہی، حسنین مرزا، لياقت جتوئی، خضر حیات منگریو، غلام نبی منگریو، ڈاکٹر مصور سیال نے خطاب کیا۔ احتجاج کا مقصد سندھ کی زمینوں اور پانی کے حقوق کے خلاف ہونے والی سازشوں اور وفاقی حکومت کی پالیسیوں کی مخالفت کرنا تھا۔ جلسے میں دریائے سندھ سے نئے کینال نکالنے، سندھ کی زمینوں کو کارپوریٹ فارمنگ کیلئے دینے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی زمینیں غیر مقامی افراد کے حوالے کرنے اور دریائے سندھ سے نئے کینال نکالنے سے سندھ میں بے روزگاری، بھوک اور بدحالی بڑھ جائیگی، جس سے سندھ کا ماحول اور زمینیں تباہ ہو جائینگے۔ پیر صدرالدین شاہ راشدی، سید زین شاہ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی عوام کے حقوق کو ایک سازش کے تحت نظر انداز کیا جا رہا ہے، سندھ میں کرپشن، عوامی سہولتوں کی کمی اور سرکاری اداروں میں ناانصافی عروج پر ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جو 15سال سے سندھ پر قابض ہے، سندھ کی زمینوں اور پانی کو بیچنے میں ملوث ہے اور اس کا مقصد سندھ کے عوام کا معاشی قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی زمینوں اور دریائے سندھ کو کسی صورت میں بیچنے یا غیر مقامی افراد کے حوالے کرنے نہیں دیں گے۔

ملک بھر سے سے مزید