فلم میلہ میں عامر خان، ٹوئنکل کھنہ اور فیصل خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، اس کے ڈائرکٹر نے انکشاف کیا ہے کہ عامر خان کے مقابل ایشوریا رائے اس فلم میں پہلی ترجیح تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم میلہ کو 25 سال پورے ہو چکے ہیں، یہ فلم 7 جنوری 2000ء کو ریلیز ہوئی تھی، اس کے ہدایات کار دھرمیش درشن نے انکشاف کیا ہے کہ فلم میں ٹوئنکل کھنہ سے پہلے ایشوریا رائے ان کی پہلی ترجیح تھیں۔
دھرمیش درشن نے بتایا ہے کہ 1996ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’راجہ ہندوستانی‘ میں بھی کرشمہ کپور سے پہلے ایشوریا رائے کو کاسٹ کرنا چاہ رہے تھے، لیکن اس وقت ایشوریا رائے مس ورلڈ کے مقابلوں میں حصہ لینے کے حوالے سے مصروف تھیں، جبکہ ہدایات کار کو بطور ہیروئن ایسی اداکارہ درکار تھی جو فلم کے لیے پورا وقت نکال سکے۔
ہدایت کار دھرمیش درشن نے فلم میلہ کے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی شوٹنگ میں ایشوریا رائے کے کچھ سین شوٹ بھی ہوئے تھے جن میں ایک گانا بھی شامل تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ایشوریا نے یہ سین فیصل خان کے مقابل شوٹ کرائے تھے، جس پر بعد میں بہت سے لوگوں سے ان سے پوچھا بھی گیا تھا کہ آپ نے کچھ سین ایشوریا رائے کے ساتھ شوٹ کیے تھے، لیکن پوری فلم آپ نے ٹوئنکل کھنہ کے ساتھ بنائی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میلہ باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی، یہ ٹوئنکل کھنہ کی لیڈ رول میں آخری فلموں میں سے ایک تھی۔
ٹوئنکل کھنہ اس کے بعد صر ف 2001ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’لو کے لیے سالا کچھ بھی کرے گا‘ میں فردین خان کے مقابل اہم رول میں نظر آئی تھیں۔
اس آخری فلم کے بعد ٹوئنکل کھنہ نے اکشے کمار سے شادی کر لی تھی اور اداکاری کو خیر باد کہہ دیا تھا۔