• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الخدمت بنو قابل پروگرام 4.0، ہزاروں طلبہ و طالبات کی ٹیسٹ میں شرکت

کراچی( اسٹاف ر پو ر ٹر) الخدمت بنو قابل پروگرام 4.0کا 12واں ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ راشد لطیف اسٹیڈیم اور نسیم حمید گراؤنڈ کورنگی میں منعقد کیا گیا،جس میں لانڈھی اور کورنگی کے ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی۔دونوں گراؤنڈ ٹیسٹ کے شرکاء سے بھر گئے،12ہزار طلبہ و طالبات نے رجسٹریشن کروائی تھی لیکن کئی ہزار اضافی آمد کے باعث ہنگامی انتظامات کرنے پڑے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹیسٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورنگی اور لانڈھی کے نو جوان کسی سے پیچھے نہیں۔ کراچی میں الخدمت بنو قابل کے تحت اب تک 50 ہزار نوجوانوں کو فری آئی ٹی کورسز کروا چکے ہیں۔ الخدمت بنو قابل 4.0 کے لیے دو لاکھ نوجوانوں نے رجسٹریشن کروائی۔ نوجوان آئی ٹی کی تعلیم حاصل کر کے والدین کا سہارا بنیں گے۔ تقریب سے سی ای او الخدمت کراچی نوید علی بیگ،کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے صدر جنید نقی، چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل خان، امیر ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ ودیگر نے خطاب کیا۔ ٹیسٹ میں شریک طلبہ وطالبات سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا۔تقریب میں مختلف شعبوں میں لانڈھی و کورنگی سے وابستہ افراد کی جانب سے کارہائے نمایاں انجام دینے والوں کو فخر ِ لانڈھی کورنگی ایوارڈز بھی دیئے گئے۔منعم ظفر خان نے کہا کہ الخدمت 28بہترین کورسز کروارہی ہے۔ شہر بھر میں 55 آئی ٹی ٹریننگ سینٹر قائم کیے ہیں،جہاں بہترین اور قابل اساتذہ آئی ٹی کی تعلیم دیں گے۔ ہم نے شہر میں 4انکیبیوشن سینٹرز بھی قائم کیے ہیں جس میں بچوں کی صلاحیتوں کو نکھاراجا رہا ہے۔ بہت جلد آرٹیفیشل انٹیلی جینس (AI) کے حوالے سے بڑا پروگرام شروع کریں گے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید