• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدارس دینیہ کا فیضان تاقیامت جاری رہے گا، بدخواہ رسوا ہونگے، قاری عثمان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مدارس دینیہ کا فیضان تا روزقیامت جاری رہے گا۔ مدارس و اسلام کے بدخواہ دنیا و آخرت میں رسوا ہونگے۔ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں دینی مدارس کا نمایاں کردار ہے۔ بخاری شریف قرآن کریم کے بعد سب سے بڑی معتبر کتاب ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملک کے نامور عالم دین شیخ الحدیث مولانا شیخ محمد ادریس، سابق سینیٹر مولانا عبدالرشید، مولانا سلمان الحق حقانی، جمعیت علماء اسلام سندھ کے نائب امیر قاری محمد عثمان،مولانا عظیم اللہ عثمان،آفاق خان نے جامعہ عثمانیہ شیرشاہ میں 40 ویں سالانہ جلسہ دستار فضیلت و 17 ویں تقریب ختم بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آخری حدیث کا درس ممتاز عالم دین، جامعہ نعمانیہ چارسدہ ،جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے شیخ الحدیث مولانا شیخ محمد ادریس نے اپنے مخصوص انداز میں دیا۔ جامعہ عثمانیہ کے دورہ حدیث، شعبہ تجوید و قرات اور شعبہ تعلیم القرآن سے سند فراغت حاصل کرنے والے 153 طلباء کرام کی دستار بندی کی گئی اور اسناد و انعامات تقسیم کئے گئے۔ علوم نبوت کی قدیم دینی درس گاہ جامعہ عثمانیہ شیرشاہ کے مختلف شعبہ جات سے اس سال فراغت حاصل کرنے والے طلباء کی تعداد 153 ہے۔ اب تک سند فراغت حاصل کرنے والے طلبہ کرام کی تعداد 25ہزار سے متجاوز ہے۔ شعبہ تعلیم القرآن سے قرآن کریم حفظ کرنے والے طلبہ کرام کی تعداد 2400 جبکہ تجوید و قرأت سے 1 ہزار 57 اور درس نظامی مکمل کرنے والے علماء کی تعداد 169 سے متجاوز ہے۔ تقریب میں حاجی محمد طاہر انصاری، قاری امین الدین ہزاروی، قاضی امین الحق آزاد، سید عبدالسلام شاہ، مولانا سید حماد اللہ شاہ، قاری محمد ہاشم، ڈاکٹر عطاء الرحمن خان، قاضی نورالرحمن، حاجی عزیز الرحمن عزیز، قاری بخت نذیر، مولانا نصر اللہ، مفتی سمیع اللہ شامزئی، مولانا اسرارالحق، مفتی عبدالمالک، مولانا اسامہ مسکین، مولانا عظیم اللہ عثمان، قاری اسلام الدین، قاری محمد بشیر، مولانا محمد حامد سمیت شہر بھر کے جید علماء کرام اور کثیر تعداد میں اہلیان علاقہ نے شرکت کی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید