کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل جاری ہے،منگھوپیر غریب نواز کالونی میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نمبر JZ-6772کی ٹکر سے 7 سالہ عارف ولد غلام عباس جاں بحق ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، پولیس کے مطابق واٹر ٹینکر کو قبضے میں لے کر اس کے ڈرائیور وزیر محمد ولد قدرون شاہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، متوفی کے والد غلام عباس نے بتایا کہ ان کی اہلیہ کا تین سال قبل انتقال ہوگیا تھا ، عارف دو بھائیوں میں چھوٹا تھا،انہوں نے بتایا کہ واٹرٹینکرگلی میں پانی ڈال کر واپس جا رہا تھا ریورس کرتے ہوتے ہوئے واٹر ٹینکر نے بچے کو کچل دیا، انہوں نے بتایا کہ واٹر ٹینکر کے ڈرائیورنے کان میں ہینڈ فری لگایا ہوا تھا،وہاں موجود علاقہ مکینوں نے واٹر ٹینکر کے ڈرائیور کو آواز دیکر روکنے کی کوشش کی تاہم ہینڈ فری لگا ہونے کے باعث اس نے آواز نہیں سنی،متوفی کے والد نےانصاف فراہم کرنے اور واٹر ٹینکر کے ڈرائیور و مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔