کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گلشن حدید و اسٹیل ٹاؤن میں گزشتہ 7ماہ سے پانی کی بندش کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت جاری احتجاج کے سلسلے میں مرکزی شاہراہ پر لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واٹر کارپوریشن گلشن حدید کو پانی کی فی الفور فراہمی یقینی بنائے، عوام کب تک ٹینکر مافیا سے مہنگے داموں پانی خریدتے رہیں گے؟ حکومت ہوش کے ناخن لے، پانی سے محروم عوام کے پُر امن احتجاج کو نظر انداز نہ کرے، کہیں ایسا نہ ہو کہ عوام نیشنل ہائی وے بند کر دیں، اس موقع پر پاسلو یونین کے سابق صدر و جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،پاسلو کے صد ر عاصم بھٹی، نائب امیر ضلع قدر گل و دیگر بھی موجود تھے،دریں اثنا منعم ظفر خان نے سیکٹر 5-L نیو کراچی میں مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں جاں بحق نوجوان سعدجاوید کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی اور اس افسوسناک واقع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملزمان فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ،دریں اثناء سعد ولد جاوید کو پیر کے روز آنسو ؤں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔