• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر اسٹیٹ بینک کا عالمی اور ملکی اسٹیک ہولڈرز سے اشتراک بڑھانے کا عزم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے عالمی اور ملکی اسٹیک ہولڈرز دونوں کے ساتھ مستحکم اشتراک کے ذریعے مالی شمولیت مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا کرتےہوئےکہا ہےکہ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے مالی شمولیت بڑھانےکی کوششیں جاری رکھیں گے۔ اس عزم کا اظہار انھوں نے ’’الائنس فار فنانشیل انکلوژن‘‘ (اے ایف آئی)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر الفریڈ ہانِگ (Hannig)کے ساتھ پیر 13 جنوری 2025ء کو کراچی میں دو طرفہ اجلاس کے دوران کیا۔۔اجلاس کے دوران جمیل احمد نے 2024ء تا 2028ء کے لیے اسٹیٹ بینک کی جانب سے مالی شمولیت کی قومی حکمت عملی (این ایف آئی ایس) کے تیسرے ایڈیشن کا ذکر کیا، جسے حال ہی میں متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسٹیٹ بینک ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے مالی شمولیت بڑھانے، اور مالیات کے شعبے میں صنفی فرق کم کرنے کے سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ڈاکٹر ہانِگ نے اے ایف آئی کی جانب سے پاکستان میں مالی شمولیت کے فرو غ میں اسٹیٹ بینک کے قائدانہ کردار کو سراہا اور اس شعبے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی خاطر کوششیں جاری رکھنے کے سلسلے میں مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اسٹیٹ بینک 2008ء سے اے ایف آئی کابانی رکن ہے، جو 84 ممالک کے مرکزی بینکوں اور مالی ریگولیٹری اداروں کا پالیسی قیادت پر مبنی اتحاد ہے، جس کا مقصد ملک، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مالی شمولیت کے مشترکہ مقصد کو فروغ دینا ہے۔ اسٹیٹ بینک فی الوقت اے ایف آئی بورڈ کا حصہ ہے، اور اے ایف آئی کی صنفی شمولیتی فنانس کمیٹی اور ’’جنوب ایشیا ئی علاقائی مالی شمولیت اقدام‘‘ کا وائس چیئرمین ہے۔گورنر جمیل احمد نے اے ایف آئی کے تعاون اور اسٹیٹ بینک کے ساتھ اس کی دیرینہ شراکت داری کو سراہا جس نے شواہد پر مبنی مالی شمولیت کی پالیسیوں کی تشکیل اور ان کےنفاذ میں اسٹیٹ بینک کے افسران کے لیے معلومات کے ہمسر تبادلے اور استعداد کار بڑھانے کے مواقع فراہم کیے۔
اہم خبریں سے مزید