اسلام آباد( فاروق اقدس خصوصی جائزہ رپورٹ)بھارتی شہر پریاگ راج (الہ آباد)میں کمبھ میلہ شروع،منتظمین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ تاریخ کا بڑا انسانی اجتماع ہے،اس میلے کے ایک ماہ سے زیادہ عرصے کے دوران سب سے اہم رسم گنگا میں غسل کرنا ہے،غسل ہر روز ہوتا ہے، لیکن سب سے متبرک تاریخوں پر غسل کو شاہی اشنان یا ʼشاہی غسل‘ کہا جاتا ہے،تقریبات میں شاندار ʼآرتی‘ شامل ہوتی ہے، جب پجاریوں کی بڑی تعداد ٹمٹماتے چراغوں کو تھامے رسمیں ادا کرتی ہے،عقیدت مند چمکتے ہوئے دیے سمندر میں بھی تیراتے ہیں، یہ دیا پکے ہوئے آٹے سے تیار کیا جاتا اور اس میں سرسوں کے تیل یا گھی کا چراغ جلا کر رکھ دیا جاتا ہے۔اہم تاریخوں میں 13 جنوری بھی شامل ہے، جس دن پورا چاند یا پورن ماشی ہو گا۔سب سے متبرک دنوں میں سے ایک 29 جنوری یا مونی اماوسیا ہے۔ اماوس قمری مہینہ کا اخیر دن ہوتا ہے جس میں چاند نظر نہیں آتا۔میلے کی تقریبات 26 فروری کو اختتام پذیر ہوں گی۔یہ ایک ایسے میلے کی افسانوی داستان ہوشربا ہے جس کے بارے میں منتظمین کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع ہے۔اگر اس دعوے کو مفروضہ قرار دیکر مسترد بھی کر دیا جائے تو واقعتاً اس میلے میں شرکت کرنے والوں کی تعداد لاکھوں سے تجاوز کرتی ہوئی کروڑوں کو چھوتی نظر آتی ہے اور اس انسانی جم غفیر کے بصری منظر کا احاطہ فضا سے ہی کیا جانا ممکن ہے۔