لاہور،فیروزوالہ،مریدکے (خصوصی نمائندہ،نامہ نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مستحق اور نادار افراد کو3 مرلے کا مفت پلاٹ دینے کیلئے سکیم لانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کالا شاہ کاکو میں زہرہ ہومز / مسکن راوی سکیم کا افتتاح اوردورہ کیا،100 خاندانوں کو گھروں کے الاٹمنٹ لیٹرز اور چابیاں دیں ،سکیم کے معیار اور سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کالا خطائی روڈ لاہور پر موضع نہرہ پور میں ابتدائی طور پر 100 مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔زہرہ ہومز میں ہر گھر 400 مربع فٹ پر محیط ہے۔ زہرہ ہومز میں دو بیڈروم،ایک باورچی خانہ،ایک باتھ روم اور صحن شامل ہے ، ہر گھر 5 کلو واٹ کے سولر سسٹم سے چلایا جائے گا۔ کمیونٹی میں صاف پانی کے لیے آر او پلانٹ، ایک سکول، کھیل کے میدان، مسجد اور ڈسپنسری کی سہولتیں دی گئی ہیں۔ تقریب میں صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی خدمات اور پراجیکٹس پر ڈاکومنٹری پیش کی گئی۔