اسلام آباد (رپورٹ : عاصم جاوید) تاریخ میں پہلی بار وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی عدالتوں نے سال 2024 کے دوران ریکارڈ ایک لاکھ 19 ہزار مقدمات نمٹائے جبکہ ایک لاکھ 16 ہزار 377 کیسز دائر ہوئے۔ سال 2024 دوران ایک لاکھ 16 ہزار 377 کیسز دائر ،وکلا اور سائلین کیلئے ویب سائٹ کا آغاز ،مقدمات رسائی ایک کلک پر ۔ رپورٹ کے مطابق سیشن ڈویژن ویسٹ میں سب سے زیادہ 78 ہزار 582 کیسز دائر ہوئے اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ محمد اعظم خان کی خصوصی نگرانی میں سال بھر میں 78 ہزار 983 مقدمات کے فیصلے کئے گئے جن کی تعداد دائر ہونیوالے مقدمات سے 401 زیادہ ہے۔ اس طرح ڈسٹرکٹ کورٹس ویسٹ اسلام آباد میں یکم جنوری 2025 کو زیر التوا مقدمات کی تعداد 29 ہزار 111 رہ گئی ہے۔ دوسری جانب سیشن ڈویژن ایسٹ میں 2024 میں 37 ہزار 795 نئے کیسز دائر ہوئے اور 40ہزار 168 مقدمات کے فیصلے ہوئے۔ اس طرح ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ محمد یار گوندل کی نگرانی میں سال 2024 کے دوران دائر ہونیوالے مقدمات سے 2 ہزار 373 زائد کیسز نمٹائے گئے۔