• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کے امیدواروں سے دوبارہ ٹیسٹ لیا جائے ،میڈیکل اسٹوڈنٹس

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)میڈیکل اسٹوڈنٹس کے رہنماؤںعرفان ناشناس ، غفران مندوخیل ، عریبہ مشتاق ، حنا حسنیٰ نے کہا ہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں بلوچستان کے طلبا و طالبات کو جان بوجھ کر کم نمبر دیئے گئے ۔لہذا بلوچستان کے طلبا و طالبات سے دوبارہ ٹیسٹ لیا جائے یا پھر اسلام آباد کی طرح 26 سوالات پر 15 نمبر دیئے جائیں ، یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لئے ہونے والے ٹیسٹ میں ملک بھر سے طلباء و طالبات نے حصہ لیا جبکہ بلوچستان سے 9 ہزار طلباء و طالبات نے حصہ لیا جن میں سے 5600 طلباء و طالبات نے بلوچستان جبکہ 3000 نے اسلام آباد اور چند سو طلباء و طالبات نے صوبہ خیبر پختونخوا اور سندھ میں میڈیکل ٹیسٹ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ٹیسٹ دینے والے امیدواروں کو مختلف سہولیات فراہم کی گئیں جس میں پہلی سہولت میں 6 نمبر اور دوسری بار 15 نمبر دیئے گئے اور دونوں نمبر ان کے رزلٹ میں شامل کئے گئے لیکن بلوچستان کے نوجوانوں کو اس سہولت سے محروم رکھا گیا وہاں کے امیدواروں کو سوالیہ پیپر لے جانے کی اجازت دی گئی جبکہ پیپر ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا گیا لیکن بلوچستان میں نہ تو امیدواروں کو پیپر لے جانے کی اجازت تھی نہ ہی سوالیہ پیپر ویب سائٹ پر اپلوڈ کئے گئے جس سے بلوچستان کے صرف 30 فیصد امیدوار کامیاب ہوئے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے امیدواروں سے دوبارہ 26 سوالات پر مشتمل پیپر لیا اور پیپر کو ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا جائے یا پھر اسلام آباد کے امیدواروں کی طرح مزید 15 نمبر ہمیں دیئے جائیں اگر ہمارا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔ 
کوئٹہ سے مزید