کوئٹہ(پ ر)محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کی جانب سے گزشتہ روز نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن نیپا کے ایم سی ایم سی 42 واں گروپ کے تربیتی افسران کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی ،پارلیمانی سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر ہادیہ نواز نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ڈاکٹر عنبرین مینگل نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ اورڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر محمد عظیم کاکڑ کی جانب سے محکمانہ امور پر روشنی ڈالی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری ہادیہ نواز نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام سرکاری خدمات میں پیشہ ورانہ مہارت اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے اہم سنگ میل ہے۔نیپا جیسے ادارے ملک میں انتظامی افسران کی تربیت اور ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ موجودہ دور میں پبلک ایڈمنسٹریشن کے تقاضے مسلسل بدل رہے ہیں اور تربیتی افسران کو ان جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اپنے علم اور مہارت میں مزید جدت لانی ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تربیتی پروگرام سے افسران کو اپنے فرائض کو مزید موثر طریقے سے انجام دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہماری آبادی میں اضافہ اور اس سے وابستہ مسائل ہمارے ملک کے لئے بڑا چیلنج ہیں، ایسے میں پاپولیشن ویلفیئر کے تحت کئے جانے والے اقدامات اہمیت کے حامل ہیں، جن کا مقصد نہ صرف آگاہی فراہم کرنا بلکہ صحت اور تعلیم کے میدان میں پائیدار ترقی کی طرف قدم بڑھانا ہے۔خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کی خدمات تک پہنچ اور رسائی کو یقینی بنانا محکمہ بہبودآبادی کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ قومیں ترقی کے میدان میں آگے چلی گئیں جہاں خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت میں سرمایہ کاری کو اولین ترجیح دی گئی ۔بلوچستان بھر میں سروس ڈیلیوری مراکز کا فعال نیٹ ورک موجود ہےجو عوام کو خدمات فراہم کررہا ہے۔نیپا کورس کے کوآرڈی نیٹر کی جانب سے پاپولیشن ویلفیئر کے کام، کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کو سراہا گیا۔اس موقع پر انہوں نے ہادیہ نواز کو سوینئر دیاجبکہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کی جانب سے پارلیمانی سیکرٹری ہادیہ نواز ،ڈی جی پاپولیشن عظیم کاکڑ اور محمد نعیم خان ڈائریکٹر پلاننگ و کمیونیکیشن کی طرف سے یادگاری شیلڈ دی گئی۔