• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت قومی مفاد میں مذاکرات کر رہی ہے، کمیشن بنانا حق، عقیل ملک

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزارت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ حکومت قومی مفاد میں مذاکرات کر رہی ہے اور کمیشن بنانا اس کا حق ہے۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد پر کمیشن نہیں بنایا جائے گا، اور تحریک انصاف کے تحریری مطالبات آنے کے بعد ہی یہ کہنا ٹھیک ہوگا کہ ان کے صرف دو ہی مطالبات ہیں۔تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے کہا کہ عمران خان نے جمہوریت کے لیے مذاکرات کی بنیاد رکھی لیکن سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز کے باوجود انہیں پیش نہ کرنا پارلیمان کی بے توقیری ہے۔ انہوں نے رانا ثنا اللہ کے کیس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اب اس کیس پر ڈی جی نارکوٹکس کے خلاف کارروائی نہ کرنا مک مکا یا جرم قبول کرنے کے مترادف ہے جبکہ نو مئی پر کمیشن نہیں بنے گا بیرسٹر عقیل کی بات پر ردِ عمل دیتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ یہ کمیٹی میں شامل نہیں ہیں انہوں نے اس کا فیصلہ نہیں کرنا ہے۔میزبان حامد میر نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کی تحریک انصاف کے ارکان اپنے ساتھ بینر اور پوسٹر لے کر آئے تھے جس میں ان کے نعرے درج تھے اور انہوں نے اپنے مطالبات سب کو بتائے لیکن ابھی تک مذاکرات کا تیسرا راؤنڈ شروع نہیں ہوا ہے دوسری طرف جج فیصلہ موخر کر رہے ہیں اگر سترہ جنوری کو وہ فیصلہ سنا دیتے ہیں تو کیا مذاکرات جاری رہیں گے؟ جبکہ اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آردڑ پر آج عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ میزبان حامد میر نے ایک اہم مسئلے پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ رومانیہ میں موجود پاکستان کے سفارت خانے نے وزارت خارجہ کو ایک خط لکھا ہے، جس میں اطلاع دی گئی کہ اسلام آباد میں موجود ایک قومی یادگار، جو رومانیہ کے قومی شاعر ایمینیسکو اور علامہ اقبال کے نام پر بنائی گئی تھی، وہ مکمل طور پر تباہ و برباد ہوچکی ہے۔
اہم خبریں سے مزید