کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نیپرا میں کے الیکٹرک کی جانب سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ نومبر2024 کے لیے 4.89روپے فی یونٹ کمی کی درخواست پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ اور موقف درست ثابت ہوا ہے کہ این ٹی ڈی سی سے ہی کراچی کو بجلی فراہم کرنے سے کراچی کے عوام، تاجروں اور صنعتکاروں کو سستی بجلی مل سکتی ہے، نومبر 2024کے لیے 4.89روپے فی یونٹ کمی کی اصل وجہ نومبر کے مہینے میں این ٹی ڈی سی سے 1600اضافی میگا واٹ سستی بجلی کی فراہمی ہے، اس لیے کے الیکٹرک کا جنریشن لائسنس منسوخ کرکے کراچی کو مکمل طور پر این ٹی ڈی سی سے بجلی فراہم کی جائے، کے الیکٹرک کو قومی خزانے سے دی جانے والی اربوں روپے کی سبسڈی کا بوجھ بھی ختم ہو جائے گا، منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کراچی کے عوام کے لیے مسلسل عذاب بن ہوئی ہے، ایک جانب سردی کے موسم میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور دوسری جانب اووربلنگ اور جعلی بلنگ کے ذریعے کراچی کے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے، کوئی حکومت اور حکمران پارٹی کے الیکٹرک کے خلاف کوئی بات کرنے کو تیار نہیں، دریں اثناء جماعت اسلامی کراچی پبلک ایڈ کمیٹی کے نائب صدر عمران شاہد نے کے الیکٹرک کی جانب سے ماہ ِ نومبر 2024کی فیول ایڈ جسٹمنٹ میں 4.89روپے کمی کے حوالے سے نیپرا سماعت میں شرکت اور اہل کراچی کی نمائندگی کی۔