• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمشنر کراچی کا ضلع وسطی کا دورہ، تجاوزات کے خلاف کارروائی کا معائنہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے گزشتہ روز ضلع وسطی کا دورہ کیا،مجاہد کالونی اور لیاری ندی میں قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کا معائنہ کیا اور ڈپٹی کمشنر وسطی کے دفتر میں اجلاس کی صدارت کی ،اجلاس میں شہر ی مسائل اور زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم، ڈائریکٹر جنرل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق نظامانی، ڈائریکٹر ترقیات کمشنر افس نسیم بھٹو، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز کمشنر آفس رابعہ سید ،ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنر ز، کے ڈی اے کے ایم سی کراچی واٹر کارپوریشن سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ایس بی سی اے اور ایجوکیشن و رکس ڈ پارٹمنٹ کے سینئر افسران ،نارتھ ناظم آباد، گلبرگ اور لیاقت آباد ٹاؤنز کے چیئرمین اور مختلف ٹاؤنز میونسپل کارپوریشنز کے میونسپل کمشنر ز نے شرکت کی۔مجاہد کالونی اور لیاری ندی کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بتا یا کہ گزشتہ روز لیاری ندی تین ہٹی میں قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی کر کے تقریباً 300 سے زائد جھگیاں ہٹا دی گئی ہیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ یقینی بنایا جائے کہ لیاری ندی میں دوبارہ یہ جھگیاں قائم نہ ہوں ۔اجلاس میں صفائی کے نظام کے بارے میں کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید