کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ جمعے کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے۔ پاکستان تین اسپنر کے ساتھ ویسٹ انڈیز بیٹنگ لائن کو گھن چکر بناناچاہتا ہے میچ کیلئے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے۔ شعیب ملک کے بھتیجے ، اوپنرمحمد ہریرہ ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔ انہیں امام الحق پر ترجیح دی گئی ہے۔ جبکہ تین اسپنرز ابرار احمد، نعمان علی اور ساجد خان اور واحد فاسٹ بولر خرم شہزاد ہوں گے۔ کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ اس ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی آخری سیریز کو وہ جیت پر ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم دسمبر 2006 کے بعد پہلی بار ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان پاکستان میں آخری بار کھیلی جانے والی سیریز انضمام الحق کی قیادت میں پاکستان نے 0-2 سے جیتی تھی ۔ شان مسعود کی قیادت میں پاکستان ٹیم گزشتہ سال اکتوبر میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دینے کے بعد مسلسل دوسری ہوم سیریز جیتنے کی کوشش کرے گی۔ پاکستان کے پندرہ رکنی اسکواڈ تین ان کیپڈ کھلاڑی دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کاشف علی ، دائیں ہاتھ کے بیٹر محمد ہریرہ اور وکٹ کیپر روحیل نذیر شامل ہیں۔ کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز ایک اچھی ٹیم ہے ، جانتے ہیں کہ وہ ہمارا سخت مقابلہ کریں گے۔ انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز جیتنے سے ہمیں بہت زیادہ اعتماد اور مومینٹم ملا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھ ویٹ کا کہنا ہے کہ پہلے کبھی پاکستان نہیں آیا تھا اور شاید زیادہ تر کھلاڑی بھی پہلی بار دورہ کر رہے ہیں۔ پاکستان ٹیم اپنے میدان میں مضبوط ٹیم ہے۔ پاکستانی ٹیم میں شان مسعود (کپتان) سعود شکیل (نائب کپتان ) ابرار احمد ، بابر اعظم، کامران غلام، ، خرم شہزاد، محمد حریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر/ بیٹر ) نعمان علی، ساجد خان، اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز نے بارہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے جس میں کرکریگ براتھ ویٹ (کپتان) الیک ایتھانیز، عامر جانگو (وکٹ کیپر)، گڈاکیش موتی، جین سیلز، جومل واریکن، جسٹن گریوز، کیویم ہوج، کیسی کارتی، کیون سنکلیئر، میکائل لوئ اور ٹیون املاک۔