• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تحریر:محمد رجاسب مغل…بریڈفورڈ
بریڈفورڈ کو 2025کیلئے ’’سٹی آف کلچر‘‘ کا درجہ ملنا نہ صرف ایک اعزاز ہے بلکہ یہ شہر کی ثقافت، معیشت اور سماجی زندگی پر دور رس اثرات مرتب کرے گا۔ یہ موقع بریڈفورڈ کو عالمی سطح پر ایک منفرد شناخت فراہم کرنے کے ساتھ یہاں کے عوام کو ثقافتی، تعلیمی اور معاشی لحاظ سے ترقی کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ بریڈفورڈ کو ’’سٹی آف کلچر 2025‘‘ کا درجہ ملنے کےاس اعزاز پرمختلف تقریبات اور پروگرام منعقد ہوں گے جو بریڈفورڈ کی منفرد ثقافت، تاریخ اور ورثے کو اجاگر کریں گے، اس سے مقامی افراد اور دنیا بھر کے سیاحوں کو اس شہر کی خوبصورتی اور تنوع کو دیکھنے کا موقع ملے گا، توقع کی جا رہی ہے کہ اس موقع پر لاکھوں سیاح بریڈفورڈ کا رخ کریں گے جو مقامی معیشت کیلئے نہایت فائدہ مند ہوگا۔ ہوٹل، ریسٹورنٹس، شاپنگ سینٹرز اور مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ عالمی میڈیا میں بریڈفورڈ کا ذکر ہونے سے یہاں کی سیاحت کو فروغ ملے گا، بریڈفورڈ کے تاریخی مقامات جیسے سالٹائر ورلڈ ہیریٹیج سائٹ، برونٹ پیرسنز میوزیم اور لِسٹر پارک کو مزید مقبولیت حاصل ہوگی۔ مختلف ثقافتی تقریبات کے ذریعے مختلف کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوگی اور لوگ ایک دوسرے کی ثقافتوں کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے۔ بریڈفورڈ کے عوام نے اس اعلان پر خوشی اور جوش کا اظہار کیا ہے جس کا دو روزہ افتتاحی تقریب میں بیس ہزار سے زائد افراد کی شرکت سے کیا جا سکتا ہے، اس دو روزہ پروگرام میں کشمیری نژاد شاعرہ نبیلہ احمد نے بھی اپنی مادری زبان میں شاعری پیش کر کے اپنی ثقافت کی بھرپور ترجمانی کی،مقامی افراد کا ماننا ہے کہ یہ موقع نہ صرف ان کے شہر کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گا بلکہ نئی نسل کو اپنی ثقافت سے جوڑنے میں بھی مددگار ہوگا۔ تاہم کچھ افراد نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس موقع کو شہر کے تمام طبقات کے لیے فائدہ مند بنایا جائے اور غریب طبقے کو بھی اس میں شامل کیا جائے۔ ’’سٹی آف کلچر 2025‘‘ کے تحت سال بھر میں مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں آرٹ اینڈ کلچر فیسٹیولز کے تحت شہر میں فنون لطیفہ کے مختلف فیسٹیول منعقد ہوں گے جن میں مقامی اور بین الاقوامی فنکار حصہ لیں گے ۔بریڈفورڈ کے مشہور تھیٹرز میں خصوصی ڈرامے اور تھیٹر پرفارمنسز کا انعقاد ہوگا۔ مختلف موسیقی کے کنسرٹس ہوں گے جن میں دنیا بھر کے مشہور موسیقار شرکت کریں گے۔ نوجوانوں کے لیے خصوصی ورکشاپس اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر کر سکیں۔ بریڈفورڈ جو یونیسکو فلم سٹی کے طور پر مشہور ہے، میں فلم فیسٹیولز اور میڈیا کے ایونٹس کا انعقاد ہوگا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ سال بھر میں لاکھوں لوگ ان تقریبات میں شرکت کریں گے جن میں مقامی رہائشی، برطانیہ کے دوسرے شہروں سے آنے والے سیاح اور دنیا بھر کے بین الاقوامی وزیٹر شامل ہوں گے۔ “سٹی آف کلچر 2025” بریڈفورڈ کی معیشت پر نہایت مثبت اثر ڈالے گا، تقریبات کے انعقاد سے مختلف شعبوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جیسے کہ ہوٹل انڈسٹری، ٹرانسپورٹ، ایونٹ مینجمنٹ اور ریٹیل۔ بڑے پیمانے پر تقریبات کی وجہ سے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار بریڈفورڈ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کریں گے۔ دکانوں، ریسٹورنٹس، اور دیگر کاروباری اداروں کو سیاحوں کی آمد سے کافی فائدہ ہوگا۔ اس موقع سے شہر کی مجموعی خوبصورتی اور اہمیت میں اضافہ ہوگا، بلا شبہ سٹی آف کلچر 2025 بریڈفورڈ کے لیے ایک تاریخی موقع ہے جو شہر کو ثقافتی اور معاشی ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ عوام کی شرکت، حکومت کی سپورٹ، اور مختلف تنظیموں کے تعاون سے یہ موقع نہ صرف بریڈفورڈ بلکہ پورے برطانیہ کے لیے ایک مثال قائم کرے گا۔ بریڈفورڈ میں ایشیائی کمیونٹی کی بڑی تعداد رہتی ہے اور سٹی آف کلچر 2025 کا موقع ان کے لیے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے اگر ایشیائی لوگ اس موقع کا صحیح استعمال کریں تو وہ نہ صرف اپنی ثقافت کو اجاگر کر سکتے ہیں بلکہ معاشی اور سماجی طور پر بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں یہ موقع ایشیائی لوگوں کو اپنی صلاحیتوں، ثقافت اور کاروبار کو اجاگر کرنے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے اگر وہ منظم طریقے سے شرکت کریں اور اپنی کمیونٹی کو متحرک کریں تو وہ نہ صرف خود بلکہ پورے بریڈفورڈ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
یورپ سے سے مزید