اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) صحافیوں کے حقوق کیلئے کا م کرنے والی تنظیم رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز (RSF) نے دنیا کے لاپتہ صحافیوں میں سے 45 فیصد کا ذمہ دار حکومتوں کو قرار دیدیا ہے، آر ایس ایف کا کہنا ہے کہ آزادی صحافت کو انہی افراد سے خطرہ ہے جنہیں اس کی حفاظت کرنی چاہئے، انہوں نے دنیا کی اقوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جبری گمشدگی سے تمام افراد کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی کنونشن کی عالمی توثیق کو ترجیح دیں۔ تنظیم کی جا نب سے یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنیوا میں جبری گمشدگیوں پر پہلی عالمی کانگریس شروع ہو رہی ہے۔ رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز (RSF) اس کانگریس میں شرکت کرے گی- اس پہلو کو RSF کے 2024 ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں اجاگرکیا گیا ہے۔ آر ایس ایف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی تناظر میں دیکھا جا ئے تو یہ واضح ہے کہ آزادی صحافت کو انہی افراد یعنی سیاسی حکام سے خطرہ ہے جنہیں اس کی حفاظت کرنی چاہئے۔