• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، بالی ووڈ کے صفِ اول کے فنکاروں پر زندگی تنگ

کراچی(رپورٹ/اختر علی اختر) بالی ووڈ کی فلموں میں کام کرنے والے سپراسٹارز پچھلے چند برسوں سے دہشتگردوں کے نشانے پر ہیں، کبھی کِنگ خان شاہ رُخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، تو کبھی بالی ووڈ کے بھائی جان سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرکے انہیں جان سے مارنے کی کوشش کی جاتی ہے اور اب بالی ووڈ کے نواب اور کرینا کپور کے شوہر سپر اسٹارسیف علی خان کوآدھی رات کو گھر میں گُھس کرچاقو سے خون میں لَت پَت کردیا گیا۔

 خون میں لَت پَت سیف کو ان کے بیٹے ابراہیم نے رکشے میں ڈال کرفوراً اسپتال پہنچایا، حملے کے وقت کرینا کپور کے دونوں بیٹے جے اور تیمور سیف کیساتھ تھے، کرینہ بہن کرشمہ کے گھر پر تھیں۔

 تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند مہینوں سے بالی ووڈ کے صفِ اول کے فنکاروں کے لیے زندگی تنگ کردی گئی۔

 شاہ رُخ خان اور سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بعد سیف علی خان پر جان لیوا حملہ کردیا گیا ،چاقو سے وار کرکے لہولہان کردیا۔ جس کی وجہ سے بھارتی فنکاروں میں شدید خوف کی لہر دوڑ گئی۔خون میں لَت پَت سیف کو بیٹے ابراہیم نے رکشے میں ڈال کرفوراً اسپتال پہنچایا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 23برس کے ابراہیم نے مزید وقت ضائع کئے بغیر اپنے والد سیف علی خان کو رکشے میں اسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا۔اسپتال گھر سے 2کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔

 اس موقع پر گھر میں کوئی ایسی گاڑی موجود نہیں تھی، جس میں لہولہان سیف علی خان کو اسپتال پہنچایا جاتا۔ بدھ کی شب 3بجے کے قریب بالی ووڈ کے نواب کو ایک شخص نے ڈکیتی کی نیت سے گھر میں گُھس کر چاقو سے حملہ کردیا۔ اُنھیں 6زخم آئے، جن میں 2بہت گہرے تھے۔ لیلا وَتی اسپتال میں آپریشن کے بعد سیف علی خان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

اہم خبریں سے مزید