پشاور( ارشدعزیز ملک)خیبرپختونخوا میں781 میگاواٹ مجموعی پیداواری صلاحیت والے 10اہم پن بجلی منصوبے تاخیر کا شکار ہیں ۔ تین منصوبے اپنی تکمیل کی ڈیڈ لائن گزار چکے ہیں جبکہ صوبے میں دیگر سات منصوبے بھی مقررہ وقت پر مکمل نہیں ہو سکیں گے، جس کے باعث منصوبوں پر لاگت میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔سیکرٹری توانائی وبرقیات زبیر خان نےتین منصوبوں کے لئے مارچ کی ڈیڈ لائن ، پیڈو کو ناکام ٹھیکہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (PEDO)، جو ان منصوبوں کی نگرانی کر رہا ہے، کو وقت پر منصوبے مکمل نہ کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔ حال ہی میں سیکرٹری توانائی وبرقیات محمدزبیر خان کی صدارت میں ہونے والے ایک جائزہ اجلاس میں مسلسل تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔ سیکرٹری توانائی نے پیڈو اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ رکاوٹوں کو دور کریں اور تمام زیر التوا منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تاخیر صوبے کی توانائی کی ضروریات کے لیے ناقابل قبول ہے۔