کراچی (محمد ندیم ،اسٹاف رپورٹر)چین کے نانچنگ صوبے سے تعلق رکھنے والی 124؍ سالہ خاتون چاشی لمبی عمر کا سہرا ایک فعال طرز زندگی اور مثبت نقطہ نظر کو دیتی ہیں۔ ذاتی المیوں کو برداشت کرنے کے باوجود وہ نمایاں طور پر خود کفیل اور ذہنی طور پر تیز رہتی ہیں۔ وہ ایسی زندگی گزارتی ہیں جس میں باقاعدہ کھانا اور جسمانی سرگرمی شامل ہو۔ اوسط انسانی زندگی 70؍ سے 80؍ سال ہوتی ہے جبکہ زیادہ تر لوگ عشروں پر محیط عمر کے جسمانی اور ذہنی اثرات کو جھیلتے ہیں جب ہمارے جسم عمر رسیدہ ہوتے ہیں تو وہ بیماریوں کا مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رکھتے اور طاقت کو برقرار رکھنا ان کے لئے بڑھتی ہوئی جنگ کےبرابر ہوتا ہے۔ تاہم ایک چینی خاتون نے ان تمام خیالات کی نفی کی ہے۔ یکم جنوری کو نانچنگ، چین کے سی شان صوبے سے تعلق رکھنےوالی خاتون کیوئی چاشی نے اپنی 124؍ ویں سالگرہ منائی۔ چین کی تاریخ میں ایک صدی سے زائد عمر پانے والی کیوئی 1901ء میں پیدا ہوئیں۔ دی اسٹار کی رپورٹ کے مطابق چین میں سرکاری سطح پر ان کی عمر کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے تاہم ان کی تاریخ پیدائش ہوکو سسٹم میں ریکارڈ ہے جو ملک کا سب سے بڑا رجسٹریشن سسٹم ہے۔