• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذاکرات میں پی ٹی آئی کے پیش کردہ مطالبات، کامیابی کے امکان تاریک

اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) حکومت اور حزب اختلاف کے مذاکرات میں تحریک انصاف کے پیش کردہ مطالبات نے کامیابی کے امکان کو تاریک کردیاہے سرکاری ٹیم کے ترجمان نے حزب اختلاف کے پیش کردہ چارٹر کو سرسری جائزے کے بعد ناقابل عمل قرار دیدیا ہے ۔

اس طرح یہ مطالبات فریقین کے درمیان آئندہ رابطے میں کسی تردد کے بغیر مسترد کردیئے جائیں گے وزیراعظم شہباز شریف حلیف جماعتوں کی مشاورت سے پرسوں اتوار تک آئین و قانون کے ماہرین کی کمیٹی قائم کردینگے جوان مطالبات کے تمام پہلوئوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ 

حد درجہ قابل اعتماد حکومتی ذرائع نے اس امر کی نشاندہی کی ہے سرکاری ٹیم نے بادی النظر میں حزب اختلاف کے مطالبات کومضحکہ خیز اور قانون سے نابلد ہونے کا مظہر قرار دیدیا ہے حکومت کا باضابطہ موقف آئندہ ہفتے حزب اختلاف کو سونپ دیا جائے گا جو تحریری جواب کی شکل میں ہوگا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف نے چارٹر کی شکل میں این آر او پلس کے لئے درخواست دیدی ہے جس کے آخری پیرے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے استدعا کی گئی ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنمائوں کے خلاف مقدمات میں حکومت ان کی پیروی میں استغاثہ کا موقف ہٹالے تاکہ ان کی رہائی اور بریت کی راہ ہموار ہوجائے۔ 

ذرائع نے یاد دلایا ہے کہ جنرل پرویز مشرف نے اپنے حریفوں کو جو رعایات دی تھیں اور جو این آر او کہلاتی تھیں سراسر اسی مفہوم سے عبارت تھیں ایسے میں اب این آر او کیا رہ جاتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید