کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گارڈن ویسٹ سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والے دو کمسن پڑوسی بچوں کا سراغ نہیں مل سکا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ کرانے کے لے متعلقہ حکام کو خط لکھ دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے ہیومن انٹیلی جنس کے نظام کو بھی فعال کردیا گیا ہے۔ پولیس کو مغوی بچوں کو لے جاتے ہوئے ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ملی ہے۔مغوی بچوں کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ بچے انہیں کے لگ رہے ہیں۔فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار مرد اور خاتون بچوں کو گارڈن ویسٹ میں واقع کشتی چوک ، دھوبی گھاٹ سے کلاکوٹ چیل چوک تک جاتے دکھائی دیئے ہیں۔پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار مرد اور خاتون کے چہرے واضح نہیں ہو پا رہے ہیں جس کی باعث تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے جمعرات کو دونوں بچوں عالیان اور علی رضا کے گھر پہنچے۔انکے ہمراہ ایس پی سٹی،ڈی ایس پی گارڈن،ایس ایچ او گارڈن بھی موجود تھے ۔ایس ایس پی سٹی نے بچوں کی والدین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ایس ایچ او گارڈن زبیر نواز کے مطابق بچوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل 5 سالہ علیان عرف علی اور 6 سالہ علی رضا کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اغوا کرلیا گیا تھا ۔ کمسن بچوں کے اغوا کامقدمہ گارڈن تھانے میں درج ہے۔