• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ سپر اسٹار سیف علی خان گھر میں ڈکیتی مزاحمت پر زخمی

کراچی (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ سپر اسٹار سیف علی خان گھر میں ڈکیتی مزاحمت پر زخمی، ملزم نے معروف اداکار پر چاقو کے 6 وار کئے گئے جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ، واقعہ ممبئی کے علاقے باندرہ میں ان کی رہائشگاہ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیش آیا، لیلا وتی اسپتال کے ڈاکٹرز نےصحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 54 سالہ سیف علی خان کو ریڑھ کی ہڈی، گردن اور ہاتھ پر زخم آئے اور علاج کے بعد اب وہ رو بہ صحت ہیں۔سیف علی خان کی سرجری کرنے والے ڈاکٹر نتن ڈانگے نے بتایا کہ چاقو کے وار سے ان کی کمر کی ہڈی پر زخم آئے۔ سرجری کے بعد چاقو نکال لیا گیا ہے اور ان کی ریڑھ کی ہڈی سے ہونے والا بہاؤ بھی روک دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سیف علی خان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب سے 2.5انچ کا چاقو کا ٹکڑا نکال لیا گیا ہے،چھوٹے نواب سے مشہور بالی ووڈ اداکار کی اہلیہ اور بالی ووڈ سپر اسٹار کرینہ کپور نے کہا ہے کہ سیف علی خان کی ریڑھ کی ہڈی محفوظ ہے ، انہوں نے بھارتی میڈیاسے درخواست کی کہ وہ ان کی پرائیویسی کا خیال رکھےاورقیاس آرائیوں سے گریز کرے، انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ہمارے خاندان کیلئے ایک مشکل دن ہے۔ پولیس نے ایک حملہ آور کی تصویر بھی جاری کردی ہے ۔ سینئر پولیس افسر ڈکشٹ گیدام نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ پولیس نے ایک حملہ آور کی شناخت کرلی ہے اور اس کی تلاش کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملزم ایک ہنگامی راستے کے ذریعے گھر میں داخل ہوا اور بظاہر اس کا مقصد ڈکیتی ڈالنا تھا۔سیف علی خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر اپنے ردِ عمل میں فلمی ستاروں اور اپوزیشن رہنماؤں نے ممبئی میںسکیورٹی بہتر کرنے کے لئے اقدامات پر زور دیا ہے۔بھارتی میڈیا این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ حملہ آور اپارٹمنٹ میں لوٹ مار کرنا چاہتا تھا، وہ ملحقہ راستے سے کمپاؤنڈ میں داخل ہوا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشتبہ شخص اداکار کے گھر کی سیڑھی سے داخل ہو رہا ہے، اس نے ٹی شرٹ اور جینز پہن رکھی ہے جبکہ اس کے کندھے پر نارنجی رنگ کا اسکارف ہے۔پولیس ذرائع نے ادارکار کے گھریلو عملے کا حوالے دیتے ہوئے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ حملہ آور نے سیف علی خان سے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔
اہم خبریں سے مزید