کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک ‘‘میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ اگر کمیشن کی طرف آگے نہیں بڑھتے تو پھر بات آگے نہیں بڑھے گی،مذاکرات چاہے فرنٹ ڈور سے ہوں یا بیک ڈور سے مذاکرات ہر صورت میں کامیاب ہونے چاہئیں،فریقین کو ایک ہی صفحے پر آنا ہوگا، آرمی چیف سے ہماری ملاقات سیکورٹی سے متعلق تھی اور اس میں سیاست پر بات نہیں ہوئی،لیکن ہر چیز کا تعلق سیاست سے ہی آکر جڑتا ہے اور کوشش کرنی چاہیے کہ اچھی گفتگو ہوجائے۔ عمران خان نے ملاقات کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ رانا ثناء اللہ کی پریس کانفرنس سے متعلق کہا کہ مذاکرات میں اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ کوئی دراڑ نہ ڈالے اور یہ بھی ضروری ہے کہ مذاکرات آگے بڑھیں، چاہے فرنٹ ڈور سے ہوں یا بیک ڈور سے۔ اگر کمیشن نہیں بنتا تو تحریری طور پر ہمیں بتایا جائے۔ بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ پارٹی میں موجود مسائل کو حل کرنے کے لیے نیک نیتی کے ساتھ کام کرنا ضروری ہے اور تمام فریقین کو ایک ہی صفحے پر آنا ہوگا۔ جبکہ میزبان حامد میر نے کہا کہ بیرسٹر گوہر ، علی امین اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی میٹنگ ہوئی ہے لیکن اس حوالے سے بہت سے باتیں ہو رہی ہیں اور سوال بھی اٹھایا جارہا ہے کہ بیرسٹر گوہر نے پہلے میٹنگ سے انکار کیا تھا بعد میں تصدیق کیوں کی اور اوپن ڈور سے جو مذاکرات ہوئے ہیں آج کی پریس کانفرنس سے اندازہ لگا لیا گیا ہوگا کہ وہاں سنجیدگی نہیں پائی جاتی بلکہ بیک ڈور مذاکرات کے بارے میں بیرسٹر گوہر نے انتہائی محتاط زبان استعمال کی ہے اس سے لگتا ہے کہ اتنی ہی احتیاط دوسری طرف سے بھی ہو رہی ہے اور اگر بریک تھرو ہوگا تو بیک ڈور مذاکرات کی بدولت ہوگا۔