• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیوروکریٹ وی سی لگانے پر سندھ کی جامعات میں تدریسی عمل معطل

کراچی(سید محمد عسکری)فیڈرشن آف آل پاکستان اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فاپوآسا) سندھ شاخ کی اپیل پر جمعرات کو سندھ کی تمام سرکاری جامعات میں تدریسی عمل مکمل طور پر معطل رہا۔ اساتذہ نے اتحاد و یکجہتی کیساتھ تعلیمی سرگرمیوں کا بائیکاٹ کیا تاکہ حکومت کو یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ سندھ کی جامعات کو درپیش سنگین مسائل کو مزید نظرانداز کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ فاپوآسا سندھ شاخ کے رہنماؤں نے تمام جامعات کے اساتذہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جمعرات کے احتجاج کو کامیاب بنایا۔ رہنماؤں نے کہا کہ اساتذہ کی یہ قربانی اعلیٰ تعلیم کے نظام کو بچانے اور اس کے بحرانوں کو اجاگر کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔انھوں نے کہا کہ ہم تمام اساتذہ سے درخواست کرتے ہیں کہ جمعہ کو بھی اسی اتحاد، عزم اور جذبے کے ساتھ احتجاج جاری رکھیں تاکہ حکومت ہمارے مطالبات کو سنجیدگی سے لے اور فوری طور پر عملی اقدامات کرے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ جامعات کی خودمختاری کو بحال کیا جائے۔ وائس چانسلرز کی تقرری کے لیے یونیورسٹیز ایکٹ میں مجوزہ ترامیم واپس لی جائیں اور موجودہ ایکٹ کے مطابق عمل کیا جائے۔ یونیورسٹی اساتذہ کی تقرری مستقل بنیادوں پر کی جائے۔
اہم خبریں سے مزید