کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے آئینی عدالتوں کے خلاف درخواست گزار کی جانب سے واپس لینے پر پر بیرسٹر علی طاہر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ ہائی کورٹ میں آئینی عدالتوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے کہا کہ آئینی بینچز کا قیام ہوگیا ہے، درخواست غیر موثر ہوگئی ہے۔ درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست میں وکیل بیرسٹر علی طاہر کہاں ہیں؟ درخواست گزار نے کہا کہ وہ شہر سے باہر ہیں، پیش نہیں ہوسکتے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا وکالت نامہ درخواست میں ہے؟ درخواست گزار نے کہا کہ میں پٹیشنر ہوں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ درخواست میں ایک پٹیشنر ہیں۔ آپ سب کی طرف سے درخواست کیسے واپس لے سکتے ہیں۔ اس طرح درخواست واپس نہیں لی جاسکتی۔ بیرسٹر علی طاہر تمام درخواست گزاروں کی نمائندگی کررہے ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی بیرسٹر علی طاہر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔