کراچی( سید محمد عسکری) محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے ڈائریکٹر جنرل کالجز اور تمام ریجنل ڈاریکٹر کالجز سے علاقوں میں چلنے والے ٹیوشن سینٹرز کی تفصیلات طلب کرلیں،تاکہ وہاں پڑھانے والے سرکاری اساتذہ کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔ سکریٹری کالج ایجوکیشن آصف اکرم کی ہدایت پر لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری کالجوں کے کچھ اساتذہ سرکاری اوقات کار کے دوران ٹیوشن وکوچنگ سینٹرز پر نجی تدریسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ اس طرح کے غیر پیشہ ورانہ طرز عمل سے نہ صرف عوامی خدمت کے اصولوں کی خلاف ورزی ہوتی ہے بلکہ ہمارے کالجوں میں تعلیمی ماحول اور طلباء کی حاضری پر بھی منفی اثر پڑتا ہے۔ اس طرح کے طرز عمل کو ختم کرنے کے لیے محکمہ ضروری اقدامات کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اس سلسلے میں آپ سے درخواست ہے کہ آپ اپنے متعلقہ ضلعی ہیڈکوارٹر میں کام کرنے والے ٹیوشن/کوچنگ سینٹرز کی ایک جامع فہرست کے ساتھ ساتھ کام کے اوقات میں ان کے ساتھ کام کرنے والے سرکاری اساتذہ کے نام، ضلع اور علاقے کا نام، ٹیوشن/کوچنگ سینٹر کا نام اور ڈاک کا پتہ اور منسلک اساتذہ کی تفصیلات 22 جنوری تک جمع کرادیں۔