اسلام آباد(کامر س رپورٹر )وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہاہےکہ190ملین پائونڈزاسیکنڈل صرف مالی بدعنوانی تک محدود نہیں، بلکہ عوامی اعتماد کے ساتھ ایک سنگین دھوکہ ہے، یہ نہایت افسوسناک اور شرمناک امر ہے کہ تحریک انصاف کے حامی اپنے رہنما عمران خان کی واضح کرپشن کا دفاع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عمران خان نےپوری سیاسی مہم کوکرپشن کارڈ کے گرد بنایا اور شفافیت و احتساب کے وعدوں پر لوگوں کو اپنی طرف مائل کیا لیکن پی ٹی آئی کا دوغلاپن اور منافقت کھل کر سامنے آ گئی ہے جب وہ 190 ملین پائونڈز (تقریباً 64 ارب روپے) اسکینڈل پر آنکھیں بند کر لیتے ہیں، عوامی اعتماد کی اس بڑی خلاف ورزی کا سامنا کرنے کے بجائے وہ مذہب یا اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیے کا سہارا لیکر تنقید سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں حقائق واضح اور ناقابل تردید ہیں۔
برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے 190 ملین پائونڈ پاکستان کو واپس کئے جو قومی خزانے میں عوامی فائدے کیلئے جمع ہونے تھے قومی خزانہ میں جمع کرنے کے بجائے عمران خان نے یہ فنڈز اپنے اتحادی مشہور پراپرٹی ٹائیکون کو فائدہ پہنچانے کیلئے منتقل کئے یہ رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع کی گئی جو ان پر عائد جرمانے کی ادائیگی کیلئے بنایا گیا تھااسکے بدلے میں عمران خان نے ذاتی فوائد حاصل کئے چاہے ان فوائد کو نظرانداز بھی کر دیا جائے ریاستی فنڈز کو ذاتی مقاصد کیلئے منتقل کرنا ایک ناقابل معافی جرم ہے۔