کوئٹہ(خ ن) بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ناقص اور غیر معیاری نمکو، پاپڑ ودیگر خوردنی اشیاء کی تیاری کرنے والے کارخانے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے سیل کر دیا۔ جان محمد روڈ پر کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ کارخانہ میں نمکو کی تیاری کے لئے مضر صحت کوکنگ آئل، غیر معیاری رنگ، آلودہ پانی اور ناقص بیسن کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ مزید برآں نمکو اور خام اشیاء کی اسٹوریج کے انتظامات بھی انتہائی غیر صحت بخش پائے گئے۔ مذکورہ کارخانے میں صفائی ستھرائی کی صورتحال نہایت ابتر تھی جبکہ ورکرز ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے نظر آئے۔ اتھارٹی حکام کے مطابق کارخانہ کی مشینری اور برتن زنگ آلود اور جراثیم زدہ تھے، جس پر تیار کردہ مصنوعات انسانی صحت کے لئے شدید خطرہ بن سکتی ہیں۔کارخانے میں تیار کردہ نمکو اور پاپڑ کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں سپلائی کئے جا رہے تھے۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی عتیق اللہ خان نے واضح کیا کہ خوردنی اشیاء میں جعل سازی اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک فراہم کی جا سکے۔