ابوظبی ( سبط عارف ) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کے مشیر ڈاکٹر انور قرقاش نے سوشل میڈیا پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے غزہ میں جاری انسانی بحران کے خاتمے اور علاقے میں استحکام کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر انور قرقاش نے جنگ بندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے موت اور تباہی کے سلسلے کو روک دیا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں امدادی سرگرمیوں اور تعمیر نو کے اقدامات کو تیز تر کرے۔انہوں نے دنیا بھر کے لوگوں سے امن کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی اور ایک مستحکم مستقبل کے لیے اپنی امیدوں کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر قرقاش نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات انسانی امداد کی کوششوں اور غزہ کی بحالی کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔