پیرس(رضا چوہدری / نمائندہ جنگ ) فرانس کانیا طیارہ بردار بحری جہاز بنانے کا اعلان، چارلس ڈی گال کی جگہ لے گا،جدید ٹیکنالوجی سے مزین نیا جہاز فرانس کی عالمی فوجی موجودگی کو برقرار رکھے گا، صدر میکرون،فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے اعلان کیا ہے کہ فرانس ایک نیا اور جدید طیارہ بردار بحری جہاز (ایئرکرافٹ کیریئر)بنائے گا جو 2038 میں موجودہ طیارہ بردار بحری جہاز چارلس ڈی گال کی جگہ لے گا۔صدر میکرون نے یہ اعلان فرانسیسی فوجیوں سے خطاب کے دوران کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ نیا ایئرکرافٹ کیریئر فرانس کی بحری اور دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرے گا۔ اس منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی، بہتر دفاعی نظام اور جدید لڑاکا طیاروں کو شامل کیا جائے گا۔ فرانسیسی حکام کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف قومی سلامتی کے لیے اہم ہے بلکہ اس سے ملک کی بحری صنعت، روزگار کے مواقع اور دفاعی تحقیق کو بھی فروغ ملے گا۔ نیا طیارہ بردار جہاز فرانس کی عالمی سطح پر فوجی موجودگی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔