کراچی(نیوز ڈیسک)بھارتی ائیر لائن کے پائلٹ کا مسافر پروحشیانہ تشدد، لہولہان کردیا،قطار توڑنے کا الزام لگاکر بچے کے سامنے تشدد کیا،مسافر کی تعلیمی حیثیت پر بھی طنز کیا ،ائیرانڈیا ایکسپریس کے پائلٹ نے دہلی ائیرپورٹ پر مسافر کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ائیر انڈیا ایکسپریس کے پائلٹ نے دہلی ائیرپورٹ پر مسافر کو تشدد کا نشانہ بنایا، وریندر سیجوال نامی پائلٹ نے محض بورڈنگ قطار توڑنے پر مسافر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مسافر کی شناخت انکت دیوان کے نام سے ہوئی، انہوں نے بتایا وہ اپنے خاندان کے ہمراہ ائیرپورٹ پر موجود تھے۔دیوان کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ کے عملے نے ان کے بچے کی وجہ سے انہیں اسٹاف اور پی آر ایم یعنی (جسمانی طور پر محدود نقل و حرکت کے حامل افراد) والے سکیورٹی چیک کے راستے سے گزرنے کی ہدایت دی تھی۔دیوان کے مطابق اسی دوران کچھ افراد قطار توڑ کر ان سے آگے جانے لگے۔