اسلام آباد ( نیو زرپورٹر) وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ سمگلنگ کے تدارک کیلئے جامع اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، وسائل کے ذریعہ ایف بی آر اور کسٹم کی صلاحیتوں اور استعداد کو بہتر بنایا جا رہا ہے، کا روبارکی لاگت میں کمی کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیرمملکت برائے خزانہ ومحصولات علی پرویزملک نے بتایا کہ ملک کے معیشت کو پائیداربنیادوں پراستوارکرنے کیلئے ایف بی آر کی ٹرانسفرمیشن کے تحت آئرس اور کسٹم ڈائریکٹوریٹ کی ری سٹرکچرنگ کی جارہی ہے ، سمگلنگ کے تدارک کیلئے انڈس کلکٹوریٹ کے تصورکی منظوری بھی دی گئی ہے، دریائے سندھ کے 22 پلوں پر ایف بی آر کی استعداد کو بہتر بنایاجائیگا ، ایف بی آر اور کسٹم کا ٹرانسفرمیشن پروگرام جامع ہے، اس پرمکمل عمل درآمدسے محصولات میں اضافہ ہوگا ،ودہولڈنگ ٹیکس کا ڈیٹا نکال کرڈاکیومینٹیشن کی جارہی ہے ،وزیر خزانہ اورنگزیب نے تحر یری جواب میں بتایا کہ حکومت نے غیر دستاویزی معیشت پر انحصار کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک جامع منصوبہ بنایا ہے ، ایف بی آر نے ٹیکس کی بنیاد اور ٹیکس وصولی بڑھانے کے لیے موثر اقدامات شروع کیے ہیں۔