لاہور(این این آئی)پاکستان ٹیکس بار نے چیئرمین ایف بی آر کو گوادر میں مکمل سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گوادر بزنس حب ہے ،معاشی سر گرمیاں شروع ہو چکی ہیں، امید ہے تجویز پر جلد پیشرفت کی جائیگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے گوادر میں ریجنل ٹیکس آفس کے قیام کیلئے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریو نیو راشد محمود لنگڑیال کو خط ارسال کر دیا۔ صدر انور کاشف ممتاز، سینئر نائب صدور زاہد عتیق چوہدری، فاروق مجید، نائب صدور عاشق علی رانا، طاہر بشیر مغل، ملک صولت ستار، جنرل سیکرٹری ریحان صدیقی، جوائنٹ سیکرٹری سید عرفان حیدر اور سیکرٹری اطلاعات عمران خان کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر کو لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ گواد ر میں جو فیسٹیلیٹی آفس بنایا گیا ہے اس میں مطلوبہ سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، گوادر بزنس حب ہے اور یہاں معاشی سر گرمیاں شروع ہو چکی ہیں جسے پیش نظر رکھتے ہوئے ایف بی آر کو اس علاقے میں مکمل ریجنل ٹیکس آفس قائم کرنا چاہیے۔