کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے بیوروکریٹس کی بطور وائس چانسلر تعیناتی مسترد کرتے ہوئے یہ مسئلہ ایوانوں سمیت ہر فورم پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے ساتھ ہورہی تمام ناانصافیوں کے خلاف ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا عندیہ دے دیا۔ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے ایک وفد نے پیر کو یہاں ایم کیو ایم کے سینئر مرکزی راہنماسید امین الحق سے ملاقات کی۔ وفد میں انجمن کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر شاہ علی القدر، صدر ڈاکٹر محسن و دیگر شامل تھے۔اس موقع پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف علی خورشیدی، اراکین سندھ اسمبلی عادل عسکری، عبدالباسط،انچارج آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ( اے پی ایم ایس او )محمد شہریار خان بھی موجود تھے۔وفد نے متحدہ راہنما کو سندھ حکومت کی جانب سے جامعات میں بیوروکریٹس وائس چانسلر کی تعیناتی کی اطلاعات پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔