کراچی( اسٹاف رپورٹر )کلاکوٹ پولیس نے اندھے قتل کے کیس کو حل کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے کارندے کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم نے گینگ وار سے تعلق اور ماضی کے جرائم کا بھی انکشاف کیا ہے۔پولیس کے مطابق یکم جنوری کو گرفتار ملزم محمد وزیر نے دیرینہ دشمنی پر اولڈ حاجی کیمپ پر لقمان خان کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا تھا۔ملزم نے شکیل ولد لقمان سے بدلہ لینے کے لیے شکیل کے والد لقمان کو نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ماضی میں جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث رہا۔ملزم لیاری گینگ وار کا بھی حصہ رہا۔ لیاری گینگ وار استاد تاجو گروپ اور سلطان چوٹی کے ساتھ وابستہ تھا۔ملزم نے قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ملزم اس سے قبل بھی سنگین نوعیت کے مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔ لیاری آپریشن کے دوران ملزم اپنے آبائی گاؤں میانوالی فرار ہوگیا تھا۔کامیاب کارروائی پر ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایس ایچ او کلاکوٹ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔