کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کے پرائمری اسکولوں میں دو پہر کو مڈل اسکول کلاسز کی شفٹیں شروع کرنے کی ہدایت کردی، نجی اسکولزکی مانیٹرنگ کےلیے ڈائریکٹوریٹ میں انسپکٹر کا عہدہ تخلیق کرنے کی منظوری.
ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کو کمپنی میں تبدیل کرنے اور اس کا کردار صرف کتابوں کی اشاعت اور تقسیم تک محدود کرنے جبکہ نصابی کتب کی تیاری کی ذمہ داری ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم، اسیسمنٹ اینڈ ریسرچ کو منتقل کرنے کی ہدایت .
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیر کو ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مڈل اسکولوں کی کمی کے باعث پرائمری پاس کرنے والے 46 فیصد طلبہ کے اسکول چھوڑنے پر تشویش کا اظہا کرتے ہوئے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے پرائمری اسکولوں میں دو پہر کو مڈل اسکول کلاسز کی شفٹیں متعارف کرائیں۔
وزیر تعلیم سید سردار شاہ اور سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی نے وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں پانچ سے سولہ سال کی عمر کے 1 کروڑ ، 68 لاکھ ، 90 ہزار بچے زیر تعلیم ہیں، جن میں سے 52 لاکھ بچے سرکاری اسکولوں اور چالیس لاکھ ، 10 ہزار بچے نجی اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کو کمپنی میں تبدیل کیا جائے اور اس کا کردار صرف کتابوں کی اشاعت اور تقسیم تک محدود کیا جائے گا جبکہ نصابی کتب کی تیاری کی ذمہ داری ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم، اسیسمنٹ اینڈ ریسرچ کو منتقل کی جائے۔