کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاک بحریہ کی "امن مشق" ایک اہم بین الاقوامی بحری مشق ہے جو ہر دو سال بعد پاکستان کی سمندری حدود میں منعقد کی جاتی ہے۔ یہ مشق نہ صرف پاکستان کی بحری صلاحیتوں کا مظہر ہے بلکہ عالمی سطح پر سمندری سکیورٹی تعاون، اور استحکام کے فروغ کیلئے ایک اہم فورم بھی فراہم کرتی ہے۔ اس مشق کا مقصد عالمی بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا، سمندری ماحول میں درپیش چیلنجز کا مشترکہ حل تلاش کرنا، اور عالمی سطح پر امن و استحکام کی کوششوں کو فروغ دینا ہے دنیا کے بیشتر تجارتی راستے سمندر سے گزرتے ہیں اور ان سمندری راستوں پر بین الاقوامی تجارت کا انحصار ہے۔ تاہم، سمندری ماحول میں کئی چیلنجز موجود ہیں، جن میں سمندری دہشت گردی، بحری قزاقی، غیر قانونی ماہی گیری، منشیات کی سمگلنگ اور ماحولیاتی آلودگی شامل ہیں۔ اگر جنوبی ایشیا کی بات کی جائے تو بحرِ ہند کا علاقہ عالمی طاقتوں کی موجودگی اور جغرافیائی تنازعات کے باعث مزید پیچیدہ ہو چکا ہے۔