کراچی (اسٹاف رپو رٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہےکہ اسرائیل کی قسمت میں مٹنا ہے، اہل غزہ اور فلسطین ایک دن ضرور آزاد ہوں گے اور بیت المقدس میں مسلمان آزادی سے وہاں نماز ادا کریں گے، بد قسمتی سے ہمارے اوپر امریکہ کے غلاموں کا ٹولہ اور انجمن غلامان ِ امریکہ کے آلہ کار مسلط ہیں،471دن کے معرکے بعد تاریخ اور شاندار کامیابی پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں اور حماس کی قیادت و اہل غزہ کی تاریخی مزاحمت اور جدو جہد کو بھر پور خراج تحسین اور سلام پیش کرتے ہیں۔ یہ بات انھوں نےغزہ جنگ بندی معاہدے پر عمل در آمد اور قیدیوں کی رہائی کے آغاز پر جماعت اسلامی کراچی کے تحت حماس کے مجاہدین اور اہل ِ غزہ کی تاریخی کامیابی پر یوم ِ عزم و تشکر کے سلسلے میں پیر کی شب شاہراہ قائدین پر عظیم الشان جلسے سے خطاب کرتے ہوئےکیا جلسے میں مرد و خواتین، نوجوانوں، بچوں، بزرگوں اور مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،حافظ نعیم الرحمٰن نےشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہا کہ اسرائیل کو ہر طرح کی سپورٹ اور حمایت جاری رہی، مغربی طاقتوں امریکہ، برطانیہ نے اسرائیل کا ساتھ دیا، بد قسمتی سے عالم اسلام کے حکمران اور 70لاکھ افواج خاموش رہیں اور اسرائیل کی حمایت کا سبب بنیں، حماس نے اس سب کے باوجود ڈٹ کر مقابلہ کیا، اپنی قربانیوں، ایثار اور شہداء کے خون سے اسرائیل اور اس کا سادتھ دینے والوں کو شکست دی،ہمارے حکمرانوں اور افواج کو سمجھنا چاہئے کہ ایمان، جذبہ جہاد اور شوق شہادت میں ہی کامیابی اور فتح ہے، جدوجہد اور مزاحمت کا راستہ اختیار کرنے سے ہی سرخرو ہو سکتے ہیں، جہاد اور مزاحمت میں ہی زندگی ہے اور قوموں کو عزت اسی طرح ملتی ہے جس طرح اہل غزہ نے اپنی جدو جہدسے ثابت کیا ہے، اسرائیل کی قسمت میں مٹنا ہے، اہل غزہ اور فلسطین ایک دن ضرور آزاد ہوں گے اور بیت المقدس میں مسلمان آزادی سے وہاں نماز ادا کریں گے، بد قسمتی سے ہمارے اوپر امریکہ کے غلاموں کا ٹولہ اور انجمن غلامان ِ امریکہ کے آلہ کار مسلط ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ہم آج یہ عزم بھی کریں کہ امریکہ کی غلامی اور امریکی غلام حکمرانوں سے نجات حاصل کریں، ان کو اپنے سروں پر سے ہٹانے کی جدو جہد کا حصہ بنیں،اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی جاری رکھنا ہے تاکہ اسرائیل کو معاشی میدان میں بھی شکست دی جا سکے، حماس کی قیادت نے اہل پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے کہ عوام نے مسلسل ان کا ساتھ دیا اور ان کی حمایت میں گھروں سے نکلے، آج ہی الخدمت نے اپے ری بلڈ غزہ کا اعلان کیا ہے۔