واشنگٹن( عظیم ایم میاں)ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، پاکستانی سفیر رضوان سعید، پاکستانی بزنس مین طاہر جاوید، سمیت پاکستان کی کئی سیاسی شخصیات اور پاکستانی امریکن بھی شریک ہوئے، تقریب کے موقع پر واشنگٹن میں سیکورٹی کے سخت انتظامات تھے، موسم کی شدت کے باعث کیپٹل ہل کے اندرونی حصہ میں ہنگامی انتظامات کے تحت ہونیوالی صدارتی حلف برداری کی تقریب میں داخلہ انتہائی محدود ہے، شدید سردی سے تقریب میں شریک شرکا اور سکیورٹی اہلکار پریشان دیکھے گئے،واشنگٹن کی سردی، جدید ٹیکناجی اور ہزاورں سیکورٹی اہلکاروں کی عقابی نگرانی اور ڈسپلن نے حلف برداری کی تقریب میں مدعو مہمانوں اور جشن میں شرکت کرنے والو لاکھوں شرکا کو یکساں طور پریشان رکھا۔ 40 سال بعد تاریخی شدید سردی دستانے پہنے ہاتھوں کو سرد کرتی اور ٹانگوں میں کپکپی پیدا کرنے والی سردی میں کھلی جگہ پر بمشکل چند منٹ ٹہرنا بھی ممکن نہیں تھا۔ جبکہ دعوت نامہ کے حامل افراد بھی سیکورٹی اور موسم کے ہاتھو ں پریشانی کے ساتھ ساتھ حلف برداری کے ہنگامی اور نئے انتظامات کے باعث بعض مدعو مہمان تقریب ہال میں داخلہ سے محروم بھی رہے۔ بلاول بھٹو کی امریکہ آمد اور تقریب میں شرکت بارے خبروں نے دم توڑ دیا ہے۔