واشنگٹن (عظیم ایم میاں) سبکدوش ہونے والے امریکی صدر بائیڈن نے اپنی صدارت کے آخری روز بھی مختلف عدالتوں سے سزا یافتہ افراد کو معاف کرنےکا سلسلہ جاری رکھا اور سزا معاف کرنے کے صدارتی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اپنی صدارت کی معیاد کے آخری لمحات میں مزید پانچ امریکیوں کی سزائیں معاف کردی جن میں 1923ء میں ڈاک کے فراڈ میں سزا پانے والے مارکس گاروی بھی شامل ہیں۔ بعض پاکستانی امریکن حلقوں کی توقع تھی کہ شاید صدر بائیڈن ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا کو بھی معاف کردینگے۔ جنکی سزائیں معاف کیں انکے بارے میں کہاجاتا ہے کہ سیاسی محرکات کے تحت اُن کیخلاف مقدمہ بنایا گیا تھا۔ 2001ء میں ڈھائی سال کی سزا پانیوالے روی رگھبیر کی سزا بھی معاف کردی گئی۔ اسی طرح 1994ء میں 10 سال کی سزا پانیوالے سیاہ فام ڈون اسکاٹ اپنی سزا کے بعد 2019ء میں ریاست ورجینیا کے پہلے اسپیکر منتخب ہوچکے ہیں۔