کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج، شرح سود میں مزید کمی کی اطلاعات اور سیاسی بے یقینی میں کمی کی وجہ سےسرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ، نئے کاروباری ہفتے کا مثبت آغاز، کے ایس ای100انڈیکس میں573پوائنٹس کا اضافہ،53.08فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی، سرمایہ کاری مالیت میں 75ارب 14کروڑ 14لاکھ روپے کا اضافہ،کاروباری حجم بھی 22.82 فیصد زیادہ رہا، تفصیلات کے مطابق شرح سود میں کمی اورسیاسی صورتحال میں بہتری کی خبروں سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر ہوا ہے، پیر کو مارکیٹ مثبت زون میں کھلی جس کے بعدبینکنگ،آٹو موبائل، آئل اینڈ گیس، انرجی ،سیمنٹ اور کیمیکلز سیکٹرز میں بھاری خریداری سے ایک موقع پر انڈیکس 1004پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 16 ہزار کی حد بھی عبور کر گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 572.73پوائنٹس کے اضافے سے 115844.82 پوائنٹس پر آکر بند ہوا۔، کے ایس ای30انڈیکس 164.80 پوائنٹس کے اضافے سے 36476.17 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 388.42 پوائنٹس کے اضافے سے 71942.35 پوائنٹس پر آگیا۔