میہڑ(نامہ نگار)موندر کے شاہانی برادری کے دو گروپوں میں4افراد کےقتل اور زخمیوں کے تنازع کا جرگہ ہوا، جرگے نے فریقین پر ایک کروڑ 70لاکھ جرمانہ عائد کیا، فریقین تین اقساط میں جرمانے کی ادائیگی کے بعد مقدمات سے دستبردار ہو جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز کچے کے موندر کے علاقے میں شاہانی برادری کے دو گروپوں میں زرعی اراضی کے تنازع پر4افراد کی ہلاکت کے معاملے پر سردار چاکر خان شاہانی کی سربراہی میں جرگہ ہوا۔ پیپلزپارٹی ایم این اے سردار رفیق احمد جمالی، معظم خان عباسی اور سردار تیغو خان تیغانی فریقین کے مشیر تھے۔ فریقین کی باتیں سننے کے بعد ایک فریق کے ریٹائرڈ پولیس ہیڈ کانسٹیبل مظہر شاہانی اور عالم شاہانی کے قتل اور کچھ افراد کے زخمی ہونے کا جرم ثابت ہونے پر حیدر شاہانی فریق پر ایک کروڑ جرمانہ لگایا گیا جبکہ بدلے میں قتل ہونے والے صابر شاہانی اور شوکت شاہانی کے قتل کے ثبوت ملنے پر مقتول مظہر شاہانی فریق پر70لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا۔ دونوں فریقین نے فیصلہ قبول کرتے ہوئے قرآن پاک پر حلف لیکر ایک دوسرے سے گلے ملے اور دشمنی ختم کردی ہے۔ جرگے میں جرمانہ کی رقم 3اقساط میں ایک دوسرے کو ادا کی جائیگی جسکے بعد فریقین ایک دوسرے کیخلاف دائر مقدمات سے دستبردار ہو جائینگے۔ تھانہ موندر اور دادو تھانوں پر دونوں فریقین کے42 افراد کیخلاف مقدمات درج ہیں۔ فریقین میں صلح کے بعد علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔