کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران اسٹریٹ کرمنلز سمیت 5ملزمان کو گرفتار کرلیا،تفصیلات کے مطابق،شاہراہ فیصل پولیس نے اسٹریٹ کرمنل ملزمان کو 12 گھنٹے سے بھی کم وقت میں گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے گزشتہ شب راڈو بیکری گلستانِ جوہر کے قریب اسلحہ کے زور پر شہری سے موبائل فون چھینا اور فرار ہوگئے تھے۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی بروقت ملزمان کی گرفتاری کیلئے تلاش شروع کردی اور تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک عدد پسٹل بمعہ ایمونیشن اور چھینا ہوا موبائل فون برآمد کرلیا گیا۔گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان میں صلاح الدین ولد دلاور اور عدنان ولد خادم حسین شامل ہیں۔